بہاولپور پر پنجاب کا تسلط غیر آئینی اور غیر قانونی ہے

بہاول پور (ڈپٹی انچارج انویسٹی گیشن ) پاکستان پیپلز لیبر بیورو بہاولپور کے ڈویژنل صدر صادق علی نوشاد نے کہا ہے کہ بہاولپور پر پنجاب کا تسلط غیر آئینی اور غیر قانونی ہے ۔حکومت کا مکو ٹھپنے کیلئے اب صوبہ بحالی تحریک کی کمان نام نہاد لیڈروں کی بجائے کارکنوں نے خود سنبھال رکھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پیپلز لیبر بیورو کے مقامی عہدیداروں کی موجودگی میں صوبہ تحریک کے کار کنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صادق علی نوشاد نے کہا سابق آمر صدر آغا یحیےٰ خان نے 1970ء میں ون یونٹ توڑتے ہوئے گوروں کے تجویز کردہ صوبوں سندھ ،سرحد اور پنجاب کو بحال کر دیا لیکن محسن پاکستان سر صادق محمد خان عباسی پنجم اور بانیان پاکستان کے مابین معاہدہ سے بننے والے بہاولپور صوبہ کوایک گھناؤنی سازش کے تحت پنجاب میں شامل کر کے مشرقی پاکستان کو جدا جبکہ مغربی پاکستا ن کو اپاھج بنا دیا ۔انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی اور مقامی قیادت 1970ء سے لیکر اب تک ملک کی سلامتی و جمہوریت کی خاطر بھر پور جنگ لڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی اور بہاولپور کے شہیدوں نے صوبہ اور جمہوریت کی خاطر جو جانوں کے نذرانے دیے ہیں وہ رائگاں نہیں جائیں گے بلکہ شہیدوں نے اپنے لہو سے صوبہ کی آبیاری کی ہے ۔صادق علی نوشاد نے کہا بہاولپور صوبہ پر حق حکمرانی صرف اور صرف بہاولپوری عوام کا وہ یہ حق دوسروں کو تفویض نہیں کریں گے ۔

0 comments

Write Down Your Responses