جب تک ہم فرقہ واریت کی لعنت سے باہر نہیں نکلنے دشمن ہم سے فائدے حاصل کرتا رہے گا،ایس پی سی آئی اے رانا عظیم ارض وطن میں غیرملکی دہشت گرد گھس آئے ہیں، علماء کرام مسالک سے ہٹ کر قومی سوچ کو اپنائیں اور مل کر ان دہشت گردوں کا مقابلہ کریں

فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) فرقہ واریت کے خاتمے اور امن و امان کے حوالے سے ایس پی سی آئی اے رانا عظیم نے ایس پی گلبرگ اسد الرحمن کے ہمراہ میلاد کمیٹی غلام محمد آبادکے عہدیدران میاں غلام مصطفی گجر پیر‘راشد محمود المعروف سدھے میاں‘ سید مظہرعلی شاہ‘ قاری منظور ساقی‘ مفتی رمضان جامی‘ ملک سرفراز قادری‘ ملک آصف اقبال‘ ملک عبدالمجید قادری کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس پی سی آئی اے رانا عظیم نے کہا کہ اس وقت ارض وطن میں غیرملکی دہشت گرد گھس آئے ہیں اس لئے علماء کرام پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسالک سے ہٹ کر قومی سوچ کو اپنائیں اور مل کر ان دہشت گردوں کا مقابلہ کریں۔ رانا عظم نے کہا کہ اگر ہم اسی طرح اپنے اپنے مسلک کی بات کریں گے اور صبرو تحمل کا مظاہرہ نہیں کریں گے تو دشمن جو ہم میں نفرت کا بیج بو رہا ہے کامیاب ہو جائے گا اور وہ ہمیں ایک ایک کر کے صف ہستی سے مٹا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم فرقہ واریت کی لعنت سے باہر نہیں نکلنے دشمن ہم سے فائدے حاصل کرتا رہے گا۔ایس پی سی آئی اے رانا عظیم نے کہا کہ عاشورہ محرم میں ہم نے محب وطن افراد کی مدد سے خطرناک دہشت گردوں کو پکڑکر جیلوں میں بند کیا ہے‘ اگر ہمیں آپ جیسے محب وطن لوگوں کا تعاون ہو جو شرپسند عناصر کی نشاندہی کریں اور اپنے اپنے علاقے سے باخبر رہیں خصوصا نووارد لوگ جنہیں وہ پہلی مرتبہ اپنے علاقے میں دیکھیں ان کی نشاہدہی کریں اور اس کی اطلاع ایس پی اور ڈی ایس پی لیول کے آفیسر کو دیں کیونکہ اگر آپ لوگ اس رینک سے نیچے اطلاع دیں گے تو وہ آؤٹ ہو جائے گی ہم آپ حضرات کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ لوگ اگر ہمیں کسی دہشت گردی کی نشاندہی کریں گے تو ہم آپ لوگوں کانام صیغہ راز میں رکھیں گے اور قیامت تک آپ لوگوں کا نام سامنے نہیں آئے گا۔ایس پی سی آئی اے رانا عظیم نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں نے ہمارے ملک اور شہر کا من لوٹ لیا ہے ہمیں ان سے ڈرنے کی ضرورت نہیں بلکہ ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوجانا ہے‘ انہوں نے علماء کرام پر زو ر دیا کہ وہ اپنے خطبات میں لوگوں کو ترغیب دیں کہ وہ امن کا دامن نہ چھوڑیں اور اگر کوئی شرپسند آپ کو دہشت گردی پر اکساتا ہے تو اس کی نشاندہی کریں۔میلاد کمیٹی غلام محمد آباد کے عہدیدران نے ایس پی سی آئی اے رانا عظم اور ایس پی گلبرگ اسدالرحمن کو یقین دہانی کروائی کہ ہم اپنے اپنے علاقوں سے باخبر رہیں گے اور اگر ہم کسی مشتبہ شخص کو پائیں گے تو ہم آپ کو فورا اطلاع دیں گے۔ میلاد کمیٹی کے عہدیداران نے کہا کہ ہم سچے اور پکے پاکستانی ہیں اور پاکستان کی عزت و آبرو پر ہماری جان بھی قربان ہے‘ انہوں نے کہا کہ اگر ملک ہے تو ہم ہیں اس لئے ہم قومی سوچ کو اپنائیں گے اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے سرتوڑ اور مخلصانہ خوششیں کریں گے۔

0 comments

Write Down Your Responses