نوازشریف نے کئی بارکشکول توڑنے کادعویٰ کیا مگرحقیقت میں حکمرانوں اوربھکاریوں میں کوئی فرق نہیں،ممتاز چیمہ

فیصل آباد (انویسٹی گیشن ٹیم ) سابق سٹی ناظم چوہدری ممتاز علی چیمہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے قومی بحرانوں پرقابوپانے کیلئے سوچ بچار کرنے کی بجائے عوام کوزندہ درگورکردیا۔وزیراعظم نوازشریف نے کئی بارکشکول توڑنے کادعویٰ کیا مگرحقیقت میں حکمرانوں اوربھکاریوں میں کوئی فرق نہیں رہا ۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کوزندہ انسانوں کاقبرستان بنادیا گیا ہے جہاں جب کسی غیر ملک کا دل چاہے ڈرون حملے اوردہشت گردی کر کے معصوم لوگوں کا خون بہا دے لیکن امریکہ کا اپنا شہری ہو تو اس کی جان بچانے کیلئے وہ ہر حد کراس جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری ڈورن حملوں سمیت گوجرانوالہ میں فرقہ واریت کے نام پر قتل کے واقعات قابل مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام امن کے قیام اور اسلام کی روشن تعلیمات سے آگاہی کے لیے اپناکردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے جو چیلنج درپیش ہیں ان کا مقابلہ اسی صورت کیا جا سکتا ہے جب قوم متحد ہو جائے اور ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے جس سے معاشرے کا سکون تباہ و برباد ہو چکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف بیان بازی کرنے کی بجائے سلامتی کونسل میں ڈرون حملوں کے خلاف قرار داد پیش کی جائے اور عالمی سطح پر امریکہ کی کھلی دہشت گردی کی مذمت کی جائے۔ پاکستان میں سرمایہ دارحکمرانوں کی ملی بھگت سے ضروریات زندگی کے نرخ روزانہ کی بنیاد پربڑھ رہے ہیں۔حکمران ڈالراورپاؤنڈمیں کاروبارکرتے ہیں اسلئے انہیں پاکستان کے روپے کی دن بدن گرتی قدرسے کوئی سروکار نہیں ۔روپے کی قدر میں کمی اور حکمرانوں کی نااہلی کے باعث مہنگائی میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے جو انتہائی تشویش ناک ہے۔ 

0 comments

Write Down Your Responses