صارفین کو سستے داموں سبزیاں و پھل فراہم کرنے کے لئے گرین چینل سسٹم کو فعال بنایا جائے ،ڈی سی او نورالامین مینگل


فیصل آباد (چیف انویسٹی گیشن ) ڈی سی او نورالامین مینگل نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ضلع میں کولڈ سٹوروں کو چیک کرنے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ کولڈ سٹوروں کے تمام کوائف اور سٹاک کے بارے میں معلومات مرتب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء کی قلت پیدا کر کے مہنگائی کا موجب بننے والے بدنیت ذخیرہ اندوزوں سے رعایت نہ کی جائے اور عوام کا استحصال کرنے سے اور باز نہ آنے والوں کے سٹاک کو ضبظ کر کے نیلام کر دیا جائے۔انہوں نے یہ حکم ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا جس میں سرکاری افسران کے علاوہ غلہ منڈی، پرچون فروشوں، قصابوں اور دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف عوام کو خود ساختہ اور بے جا مہنگائی سے بچانے ہر گہری توجہ دے رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں نئی پالیسی کے تحت پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔لہذا غلہ منڈی ‘ سبزی و فروٹ منڈی اور اشیائے ضروریہ کے تھوک و پرچون فروشوں ناجائز منافع خوری سے اجتناب کریں ۔ انہوں نے انتظامی افسران سے کہا کہ وہ صبح سویرے سبزی منڈی میں نیلامی کے عمل کی نگرانی کریں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو ایسی حکمت عملی کے تحت چیک کریں کہ ان کی کوششوں کے مثبت نتائج غریب عوام تک پہنچیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنا قبلہ درست کر لیں گے کیونکہ غفلت شعار اور نااہل افسران کی اس ضلع میں تعیناتی کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ اداروں کے ذریعے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کرائی جائے گی ۔ انہوں نے شہریوں کو مختلف اشیائے ضروریہ کے نرخوں سے آگاہ رکھنے کے لئے اہم چوکوں میں اردو زبان کے موٹے الفاظ میں الیکٹرانک پرائس بورڈ فوری لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مڈل مین کو نکال کر صارفین کو سستے داموں سبزیاں و پھل فراہم کرنے کے لئے گرین چینل سسٹم کو فعال بنایا جائے ۔انہوں نے آٹے کے تھیلے پر موٹے الفاظ میں قیمتیں درج کرانے کا حکم دیا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے کہا کہ بڑے بڑے مگرمچھ ناجائز منافع خوروں پر پوری قانونی قوت سے ہاتھ ڈالا جائے جبکہ غریب ریڑھی بان کو بے جا پریشان نہ کیا جائے ۔انہوں نے اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ کی شکایات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوڈ انسپکٹرز اپنے آپ کو درست کرلیں بصورت دیگر بددیانت اور ناقص کارکردگی کے حامل میرے ریڈار میں ہیں جو محکمانہ کارروائی سے بچ نہیں سکیں گے۔ڈی سی او نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی افسران پرائس کنٹرول سے متعلق اپنی کارکردگی کے بارے میں انہیں روزانہ آگاہ کریں جبکہ ان کی کارگزاری کا جائزہ لینے سے متعلق ہر ہفتے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس بھی منعقدہ کریں گے۔اجلاس کے دوران تھوک و پرچون کے نمائندوں نے اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔

0 comments

Write Down Your Responses