ونٹر اولمپکس مشعل بین الاقوامی خلائی مرکز پہنچ گئی

سوچی( سپورٹس نیوز) روس کا خلائی کیپسول سویز2014 ونٹر اولمپکس کی مشعل لے کر بین الاقوامی خلائی مرکز پہنچ گیا۔
سوچی میں 7فروری کو مقابلوں کے شروع ہونے سے قبل مشعل123 دن کے سفر میں65 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ جمعرات کو قازقستان کے بیکانور خلائی مرکز سے اسے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجا گیا،اس خلائی کیپسول میں روس،امریکا اور جاپان کا1،1 خلانوارد سوار ہے،یہ 6گھنٹے میں اپنی منزل پر پہنچے، ہفتے کو2 روسی افراد خلا میں چہل قدمی کریں گے،حفاظتی تدابیر کے تحت مشعل روشن نہیں کی جائے گی۔

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود روسی خلانوارد اولگ کوتوو نے اس سے پہلے کہا تھا کہ یہاں ہمارا ہدف اس سفرکو شاندار بنانا ہے، ہم اپنی مشعل کی خلا میں نمائش کرنا چاہتے ہیں اور اس کام کو خوبصورت طریقے سے سرانجام دیں گے، لاکھوں افراد اس نظارے کو براہ راست ٹی وی پر دیکھیں گے،اس دوران انھیں خلائی اسٹیشن اور ہمیں وہاں کام کرتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

اس سے پہلے1996 اور 2000 میں اولمپک مشعل کو خلا میں لے جایا گیا لیکن اس دوران اسے اٹھا کر چہل قدمی نہیں کی گئی تھی۔ سوچی کو2007 میں سرمائی اولمپکس کے لیے منتخب کیا گیا۔ یہ روس میں سوویت دور کے بعد پہلے اولمپکس اور اب تک کے مہنگے ترین مقابلے ہیں، ان پر اب تک 50ارب ڈالر کی لاگت آ چکی ہیں۔

روسی صدر ولادی میر پیوتن نے ماسکو میں 2014سرمائی اولمپکس مشعل ریلی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی، روس کی طرف سے ہم جنس پرستی کیخلاف نئے قانون کی وجہ سے اولمپکس کی تیاری تنازعات کا شکار ہو گئی ہے، حکام پر یہ الزامات بھی لگائے گئے کہ انھوں نے اولمپکس کی تیاری کے لیے سوچی میں تعمیراتی کام میں حصہ لینے والے غیرملکی کارکنوں کو حراست میں لیا۔

0 comments

Write Down Your Responses