جنوبی پنجاب ترقیاتی فنڈز کی مد میں ضلع رحیم یار خان کے لئے62کروڑ30لاکھ کے ترقیاتی فنڈز جاری

رحیم یار خان( ڈسٹرکٹ انچارج انویسٹی گیشن سیل ) حکومت پنجاب کی جانب سے جنوبی پنجاب ترقیاتی فنڈز کی مد میں ضلع رحیم یار خان کے لئے62کروڑ30لاکھ کے ترقیاتی فنڈز جاری۔فنڈز کا استعمال ضلع بھر میں میگا پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ہو گا۔حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی5کروڑ روپے سے زائد کی ترقیاتی سکیمیں فراہم کریں ۔ڈی سی او آفس میں ضلعی کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت ایم این اے شیخ فیاض الدین منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری محمد شفیق، ایم این اے میاں امتیاز احمد، اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری محمود الحسن چیمہ، میاں اسلام اسلم،مخدوم مسعود عالم، سردارمحمد نواز خان رنداور مسلم لیگ(ن) کے رہنما سابق تحصیل ناظم میاں اعجاز عامر، نمائندہ ایم پی اے محمد عمر جعفر چوہدری ارشد گجر، مولوی طارق چوہان ، نمائندہ ایم این اے سردار ارشد لغاری فاروق گیلانی و دیگر جبکہ ڈی سی او نبیل جاوید، ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ ظہور حسین گجر، ای ڈی او ورکس ملک مہر محمد، ای ڈی او ایجوکیشن رانا نوید احمد ، ڈی او پلاننگ طالب حسین رندھاوا و دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی میٹنگ کے دوران درخواست کی گئی تھی کہ جنوبی پنجاب ترقیاتی فنڈز سے ہمارے ضلع کے لئے بھی فنڈز مختص کئے جائیں تاکہ ضلع میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز کسی ایم این اے یا ایم پی اے کے نام سے منسوب نہیں بلکہ یہ ضلع کی عوام کے اجتماعی مفاد میں باہمی مشاورت سے ترقیاتی سکیموں پر خرچ کرنے ہیں تاکہ ضلع کا احساس محرومی ختم ہو اور ہمارا ضلع ترقی کر سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کرنا ہے تاکہ عوام محسوس کریں کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی مسائل کا تدارک کرنے میں دلچسی رکھتی ہے۔انہوں نے صادق آباد میں انڈر پاس اور سڑکوں کی توسیع کے لئے اسکیمز دینے کی تجویز دی ۔ایم این اے شیخ فیاض الدین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جو اقدامات کر رہے ہیں ان کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل خانپور میں سٹی سیوریج سکیم ، سڑکوں کی تعمیر، صاف پانی کی فراہمی سمیت تعلیم و صحت کے مسائل موجود ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر سیوریج مسائل کا خاتمہ، عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں ۔ایم این اے میاں امتیاز احمد نے کہا کہ بد قسمتی سے رحیم یار خان کی عوام گذشتہ دس سالوں سے ترقیاتی کاموں سے محروم ہے ۔سابقہ ایم این اے اور ایم پی ایز نے کوئی قابل بیان ترقیاتی کام نہیں کرایا اور نہ ہی دلچسپی لی جس کی وجہ سے رحیم یار خان کی عوام کو گھمبیر مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہم ترقیاتی کاموں کے تسلسل کا آغاز وہی سے کریں گے جہاں سے تھما تھااور اس کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا تعاون مثالی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رحیم یار خا ن میں انڈر پاس کی توسیع، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، صحت کی سہولیات، شاہرات کی توسیع و مرمت ، اوور ہیڈ بریج کا قیام اور دیگر بنیادی مسائل جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ان کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور انشاء اللہ عوام رحیم یار خان کی ترقی میں واضح تبدیلی دیکھیں گے۔اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری محمود الحسن چیمہ نے کہا کہ شوگر سیس کی مد میں آنے والے فنڈز سڑکوں کی مرمت پر خرچ کئے جائیں کیونکہ گنے کے کاشتکاروں کو گنا ملز تک لانے میں دشواریوں کا سامنا ہے ان کی اس تجویز کی تمام اراکین اسمبلی نے تائید کی۔انہوں نے اپنے حلقہ میں تعلیمی سکولوں کی اپ گریڈیشن، سڑکوں کی تعمیر،صحت کی سہولیات اور صاف پانی کی فراہمی کے لئے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا جبکہ دیگر اراکین اسمبلی میاں اسلام اسلم، سردار محمد نواز خان رند اور مخدوم مسعود عالم سمیت رہنما مسلم لیگ(ن)میاں اعجاز عامر، چوہدری ارشد گجر، فاروق لغاری، مولوی طارق چوہان و دیگر نے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں اور اپنے حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ اور ان کے حل کے لئے ترقیاتی سکیموں میں فنڈز خرچ کرنے کا اظہار کیا۔قبل ازیں ڈی سی او نبیل جاوید نے کہا کہ ضلعی کوارڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ ترقیاتی اسکیموں کی فراہمی اور باہمی مشاورت کے لئے ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ ان اسکیموں کو جلد مکمل کیا جائے اس سلسلہ میں ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ ظہور حسین گجراور ڈی او پلاننگ طالب حسین رندھاوا اراکین اسمبلی کی معاونت کریں گے۔دریں اثناء ڈی سی او کی ہدایت پرڈی او پلاننگ طالب حسین رندھاوا نے بریفنگ دیتے ہوئے اراکین اسمبلی کو بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت ہے کہ 5کروڑ سے زائد کی اسکیم اراکین قومی و صوبائی اسمبلی فراہم کریں اور ترقیاتی کاموں کے لئے62کروڑ30لاکھ کے فنڈز حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے رحیم یار خان میں بس اسٹینڈ کے قیام، خانپور سٹی سیوریج اسکیم، فیروزہ سٹی سیوریج اسکیم، عباسیہ انڈر پاس، 121ون ایل،109ون ایل،107ون ایل،112ون ایل ،152ون ایل سڑک کی تعمیر، خواتین کالج منٹھار، خواتین کالج ظاہر پیر سمیت دیگر اہم اسکیمیں تجویز کی ہیں جن کی تکمیل سے ضلع کی تعمیر و ترقی میں اضافہ اور عوام کو درپیش کئی مسائل کا خاتمہ ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان اسکیموں پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

0 comments

Write Down Your Responses