جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرکے کلیپ سوئپ مکمل کیا۔

دبئی(انویسٹی گیشن ٹیم) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرکے کلیپ سوئپ مکمل کیا۔
دبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیئے گئے 151 کے تعاقب میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ایک بار پھرمایوس کن بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور سوائے صہیب مقصود کے کوئی بھی کھلاڑی گراؤنڈ میں زیادہ دیر جم کر نہ کھیل سکا، قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان 144 رنز بنا سکی، صہیب مقصود نے سب سے زیادہ 37 جبکہ احمد شہزاد نے 21، ناصر جمشید نے 19 اور شاہد آفریدی نے 14 رنز اسکور کئے۔ کپتان محمد حفیظ اورعبدالرزاق پہلی پہلی گیند پر بغیر کوئی کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے وین پارنیل نے 3 اور پاکستانی نژاد عمران طاہر اور ڈیل اسٹین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ریان میکلیرن اور ہنری ڈیوس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے، جنوبی افریقا کی جانب سے ڈوپلیسی نے سب سے زیادہ 58 رنز اسکور کئے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ہاشم آملہ نے 48 اور کوئنٹن ڈی کوک نے 30 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 3 جبکہ سہیل تنویر نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی 1-4 سے شکست دی تھی اور 2 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی تھی

0 comments

Write Down Your Responses