ہاکی تربیتی کیمپ میں کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے 12کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا

لاہور(انویسٹی گیشن ٹیم) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم منیجمنٹ نے رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کیلیے کھلاڑیوں کی تعداد41 سے کم کر کے 29 کر دی، نصیر بندہ اسٹیڈیم اسلام آباد میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے 12کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
دوسرے مرحلے تک  رسائی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں مظہر عباس، امین یوسف، امجد علی، محمد خالد، سید کاشف شاہ، محمد خالد جاوید،  محمد علیم بلال، محمد فیصل قادر، زوہیب اشرف، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، عماد شکیل بٹ، تصور عباس،محمد مشتاق، محمد صہیب،محمد عمیر، محمد عمر بھٹہ،محمد دلبر، علی شان، احمد زبیر، محمد سلمان، محمد عرفان، حافظ رضوان علی، ارسلان قادر، عدنان انور، ایوب علی، رضوان علی، اسد بشیر اور عبدالکریم خان جبکہ ٹیم آفیشلز میں منظور الحسن سینئر(چیف کوچ و ٹیم منیجر)، انجم سعید، دانش کلیم (کوچز)، طاہر زمان(چیف کوچ سینئر ٹیم)، ڈاکٹر مبشر محسن( فزیو)  اور سید ابوذر امرائو (وڈیو اینالسٹ) شامل ہیں۔ منتخب کھلاڑیوں کو 18نومبر کو  چیف کوچ منظور الحسن سینئر کو رپورٹ کرنے  کاکہا گیا ہے۔ یاد رہے کہ  مینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 6 سے 15 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں  ٹائٹل کے حصول کیلیے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن کو 4مختلف گروپس  میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، جرمنی، بلجیم اور مصر، گروپ بی میں آسٹریلیا، اسپین، ارجنٹائن اور فرانس، گروپ سی میں ہالینڈ، جنوبی کوریا، بھارت اور کینیڈا جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشیا شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ  6 دسمبر کو مصر کے خلاف کھیلے گی، گرین شرٹس 8 دسمبر کو جرمنی جبکہ تیسرا اور آخری میچ 10 دسمبر کو بلجیئم کے مقابل ہوں گے۔ دوسری جانب قومی ٹیم کوچ اولمپئن  انجم سعید کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی تیاریاں بھر پور طریقے سے جاری ہیں، ایشین چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی جونیئر ورلڈ کپ میں بھی دہرائیں گے۔اور حال ہی میں جاپان میں ہونے والی ایشیین چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے  12 کھلاڑی لاہور میں شیڈول کیمپ کا حصہ  ہوں گے  جس کا فائدہ ورلڈ کپ کے دوران ہوگا۔ انجم سعید نے کہا کہ میگا ایونٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان  نہیں لیں گے بلکہ بھر پور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔انھوں نے کہا کہ لاہور میں لگنے والے کیمپ کے دوران قومی سینئر ٹیم کے  چیف کوچ طاہر زمان کی خدمات بھی  ہوں گی، ان کی  مشاورت سے ہی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ایک سوال پر انجم سعید  نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلیے حتمی اسکواڈ کا اعلان  25 نومبر کو کیے جانے کاامکان ہے، میگاا یونٹ میں شرکت کیلیے قومی ٹیم 2 دسمبر کو بھارت روانہ ہوگی۔

0 comments

Write Down Your Responses