دنیا تیزی سے بدل رہی، مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط جلد ختم ہوگا

مظفرآباد(ایم وی این نیوز)برطانوی رکن پارلیمنٹ اور لیبر پارٹی کے مرکزی رہنماءاینڈریو گووئین نے کہا ہے کہ دنیا میں حالات تیزی سے بدل رہے ہیں ،جس طرح دنیا کے مختلف ممالک میں تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں ، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے تیزی سے بے نقاب ہو رہا ہے ، اسی طرح ہم امید کرتے ہیں مسئلہ کشمیر بھی جلد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اور لیبر پارٹی کے مرکزی رہنماءاینڈریو گووئین ، لیبر پارٹی کے رہنما ءعاصم رشید اور ٹاٹنگھم یونیورسٹی کے محقق ساجد محمود پر مشتمل وفد نے آزادکشمیر کا دورہ کیا اس موقع پر سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر ،اقوام متحدہ کے کردار اور برہان وانی کی شہادت کے بعد کی صورتحال کے بارہ میں بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں برطانوی وفد کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے ، آئے روز نہتے کشمیریوں کی پیلٹ گن کے ذریعے آنکھوں کی بینائی سے محروم کیا جارہا ہے جبکہ طاقت کا اندھا دھند استعمال بھی وادی میں جاری ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے ، کشمیری اپنے بنیادی حق حق خودارادیت کے حصول کیلئے بھارت کے ظلم و جبر کا نشانہ بن رہے ہیں ، عالمی برادری کو کشمیریوں کے اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ حق حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دباوبڑھانا چاہیے۔
اس موقع پربرطانوی پارلیمنٹ کے وفد کے اراکین نے کہا کہ گزشتہ 70سال سے کشمیریوں کے ساتھ ناانصافیاں ہورہی ہیں یہ مسئلہ اب حل ہو جانا چاہیے تاکہ کشمیری آئندہ زندگی سکون سے گزار سکیں۔ مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کرنے کا اختیار کشمیریوں کو ملنا چاہیے ، دنیا اب گلوبل ویلج بن چکی ہے ،کشمیریوں کا مسئلہ سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا تک پہنچایا جائے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی اور برطانیہ کشمیریوں سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرتی ہے اور ان پر عمل درآمد کی خواہاں ہے۔ کشمیری تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ میڈیا کو مسئلہ کشمیر کی اصل صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرنے کیلئے موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

,

0 comments

Write Down Your Responses