منفی سیاست کرنے والوں کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں


لاہور(ایم وی این نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ ملک انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا،منفی سیاست کرنے والوں کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں، سیاست سازشیں کرکے اقتدار حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے، شکست خوردہ عناصر عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ہیں اور ان عناصر کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں،ن لیگ نے ملک میں شفافیت کو فروغ دیا ہے اورہماری حکومت کے شفاف ترین منصوبے اپنی مثال آپ ہیں،میگاپراجیکٹس میں کوئی بھی ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا، حکومت کی شفاف معاشی پالیسیوں کی دنیا معترف ہے،محمد نواز شریف نے اپنے چار سالہ دور میں میرٹ اورشفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ہے اورکھربوں روپے مالیت کے بڑے منصوبے نہایت شفاف انداز میں مکمل ہوئے ہیں ،قومی دولت کو لوٹنے اور اقربا پروری کو فروغ دینے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ محمد نوازشریف ملک کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کے باعث عوام کے دلوں میں بستے ہیں اوران کے ملک کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات سنہری الفاظ میں لکھے جائینگے۔ محمدنوازشریف کے دورمیں جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے ہیں پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ۔گزشتہ چار برس کے دوران رکاوٹوں کے باوجودتوانائی منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہوگا اور قوم کو لوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے نجات مل جائے گی۔ توانائی بحران کے خاتمے سے صنعت کا پہیہ چلے گا اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال، مستحکم اور پرامن پاکستان ہماری منزل ہے اوراس منز ل کے حصول کیلئے دن رات ایک کر دیں گے اور ملک کی ترقی کے ایجنڈے کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اورقومی مفادات کوسامنے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کا استحکام ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ 2018 کے انتخابات میں چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے والوں کو مقبولیت کا پتہ چل جائے گا۔ شور مچانے والے سیاسی عناصرکی اپنے صوبے میں کارکردگی قوم کے سامنے ہے ۔جو اپنے صوبے میں نیا پاکستان نہ بناسکے وہ اب ترسی ہوئی قوم پر رحم کریں اورمنفی سیاست چھوڑ کر عوام کی خدمت کیلئے میدان میں آئیں۔انہوں نے کہا کہ2018ء کے عام انتخابات میں عوام فیصلہ کرینگے کہ کس نے خدمت کی اورکس نے ترقی کے عمل کو نقصان پہنچا کر انکا حق چھینا۔احتجاج ،افراتفری اورانتشار پھیلانے والوں نے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے ۔اپنے ذاتی مقاصد کی تکمیل کیلئے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پیدا کرنے والے قومی مجرم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا پارٹی نے سیاست میں اخلاقیات ، رواداری اورشائستگی کے اصولوں کو پامال کیا ہے اوران کے چہرے سے منافقت کا لبادہ اتر چکا ہے ۔سچی اورمخلص قیادت پربے بنیاد الزامات لگانے والوں کا جھوٹ قوم کے سامنے آگیا ہے ۔پاکستان کے باشعور عوام ان کے منفی عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں اب ہر اس چور اورلٹیرے سے حساب لینا ہوگا جس نے غریب قوم کا خون چوسا ہے ۔70سال سے ترسی ہوئی قوم کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے ۔محض ذاتی ایجنڈے کی خاطر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کرنیوالے سیاسی عناصربے نقاب ہوچکے ہیں۔قوم اب کسی کو بدلتی ہوئی قسمت کو کھوٹا نہیں کرنے دے گی۔2018ء کے عا م انتخابات میں منافقوں اورعوام کی تقدیر کھوٹی کرنیوالوں کی سیاست سمندر برد ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر آگے لے کر جانا ہے۔

,

0 comments

Write Down Your Responses