نواز شریف جہاز سے اتر کر سڑکوں پر آنے سے مزید طاقتور ہوں گے


کوئٹہ (ایم وی این نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمدنوازشریف جہاز سے سڑکوں کی طرف آنے پر مزید طاقت ور ہونگے ، آئین کے آرٹیکل 62,63پر مکمل عملدرآمد ہونا چاہئے تاکہ پارلیمنٹ میں ایماندار اور صالح قیادت پہنچ سکے ،  سیاسی جلسوں میں خواتین کی بے حرمتی کے واقعات  انتہائی شرمناک حرکت  جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، بلوچستان میں  8 اگست کی  شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کرکے وکلاء برادری سے بھرپور اظہار یکجہتی کااعلان کرتے ہیں ،  26اکتوبر کو کوئٹہ میں عظیم الشان مفتی محمود کانفرنس صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔
 سارنگزئی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جب ادارے اختیارات سے تجاوز کرتے ہیں تو پھر مشکلات پید ا ہونے سے ملک میں سیاسی عدم استحکام کا ماحول بنتاہے،ملک میں سیاسی عدم استحکام کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ آئینی ادارے ایک دوسرے کے امور میں مداخلت کرتے ہیں ، آئین میں ہر ادارے کے طے کردہ اختیارات اور اصول متعین ہیں ، اس لئے تمام اداروں کو آئین میں اپنے متعین کردہ حدود کے مطابق کام کرناہوگا ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی نا اہلی پر ایک طبقے نے  خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کیں،قوم کی بچیوں کو سڑکوں پر لاکر بھنگڑے ڈالے اور  اور اس فیصلے کو تاریخ ساز  جبکہ دوسرے طبقے نے اسے تاریخ کا بدترین دن قراردیا، ماضی میں بھی ایسے فیصلے آئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک وزیراعظم کو پھانسی پر لٹکایاگیا ، ہم اس فیصلے کو مستقبل کے حوالے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دینی جماعتوں نے خواتین کا ہمیشہ احترام کیاہے ، خواتین کی حیثیت ماں ،بہن ،بیٹی اور بیوی کی ہے ، اسلام نے ہر حیثیت میں خواتین کے احترام کا درس دیاہے مگر آج کل جس طرح خواتین کے سر سے دوپٹے چھین کر ان کی بے حرمتی کی جارہی ہے یہ انتہائی شرمناک اور قبیح حرکت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔  ایک سوال کے جواب میں مولاناعبد الغفورحیدریکا کہنا تھا کہ  آئین کی دفعہ 62,63 پر  آج تک عمل نہیں ہوا ، ہمارا مطالبہ ہے کہ آئین کی دفعات 62,63کو انتخابات کے وقت جانچنا چاہئے تاکہ باکردار لوگ منتخب ہوکر پارلیمنٹ کا حصہ بن سکیں ۔

,

0 comments

Write Down Your Responses