محنت،امانت،دیانت اور شفاف احتساب پر عمل پیرا ہونے سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا

لاہور(ایم وی این نیوز)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ آج پوری قوم 70واں یوم آزادی جوش وخروش سے
منا رہی ہے اور ہمیں اپنے اس قومی دن کے موقع پر سیاست سے بالا تر ہو کر اتحاد ، یگانگت ،محبت او رباہمی احترام کے جذبات کو فروغ دینے کی بات کرنی ہے۔ ہمیں اس بات کا بھی جائزہ لینا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت اور ملک پر میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کو کچل دینے کی طاقت رکھنے کے باوجود سیاسی او رمعاشی طو رپر محکوم کیوں ہے؟یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے اگر ہم نے یہ موقع بھی ضائع کردیا اور تقاریر او راشعار کا سہارا لے کر گہری نیند سوتے رہے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی،ہم آج بھی من حیث القوم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا فیصلہ کر لیں اور شبانہ روز دیوانہ وار محنت کریں تو خدا کی قسم پاکستان چند سال میں ہندوستان تو کیا اس کے باپ کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا مگریہ صرف نعروں، تقریروں اور باتوں سے نہیں بلکہ محنت،امانت،دیانت،ایثار و قربانی اور شفاف احتساب پر عمل پیرا ہونے سے ہی ہوگا۔
وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج شاہی قلعہ لاہور میں پاکستان کے70ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلی نے پوری قوم کو 70ویں یوم آزادی کے موقع پر دل کی اتھاہ گہرائیو ں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ قوم آج جشن آزادی کی خوشیاں منا رہی ہے او ر اس حوالے سے جگہ جگہ پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں۔آج کا دن اس بات کا بھی متقاضی ہے کہ اسے احتسابی عمل کا حصہ بنایا جائے۔70سال کی بیلنس شیٹ کو سامنے رکھتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ ہم نے کیا کھویا اورکیا پایاہے ؟انہوں نے کہاکہ کون نہیں جانتا کہ یہ عظیم مملکت پاکستان اللہ تعالی کے فضل وکرم، قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت اور لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجہ میں معرض وجود میں آئی۔پوری قوم کی دعاؤں، تمام حکومتوں کی کاوشوں، افوج پاکستان کی کوششوں، انجینئرزاو رسائنسدانوں کی محنت کے نتیجے میں پاکستان ایٹمی قوت بنا۔دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ملک کے ایٹمی قوت بننے کا سہرا پوری قوم کے سرہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج اس بات کا بھی جائزہ لینا ہے کہ جرمنی کے شہر برلن میں ہونے والی جی20 کی میٹنگ میں بھارت کے وزیراعظم مودی اور دیگر رہنما تو نظر آئے لیکن پاکستان یہاں کیوں موجود نہیں تھا۔ہندوستان او رہم میں کیا فرق ہے اگر بھارت جی20 میں شامل ہوسکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں۔اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے اسلامی تعلیمات ،قائد ؒ اور اقبالؒ کے افکار و فرمودات پر عمل نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں آج قائد اعظم کی 11اگست 1947کو کی گئی اس تقریر کو بھی یاد رکھنا ہے جس میں انہوں نے کہاتھا کہ رشوت اور کرپشن زہر قاتل ہے۔70سال گزرنے کے باوجود بھی اگر کوئی ماں یا بیٹی دوائی اور علاج نہ ملنے کے باعث مرجائے ،قوم کے ذہین بچے وسائل نہ ہونے کی وجہ سے زیور تعلیم سے محروم رہیں ،ایک طرف دولت کے ڈھیر ہوں تو دوسری طرف غربت اور ظلم و زیادتی ہو تو اس کی وجہ کرپشن ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کی اشرافیہ کی چوکھٹ پر زندگی کی ہر نعمت سلام کرے لیکن پنجاب کے میدانوں ،بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں ، مہران کی وادیوں اور خیبر پختونخوا کے برف پوش پہاڑوں میں بسنے والوں کی بڑی تعداد بنیادی سہولتوں سے محروم ہو اور یہاں کی بیٹیوں کو یہ خوف لاحق رہے کہ کوئی درندہ ان کی عزت لوٹ لے گاتو اس کی وجہ بھی کرپشن ہے۔ملک کو کنگال اور بد حال کرنے کی ذمہ دار اس ملک کی اشرافیہ ہے ۔یہاں سیاسی بنیادوں پر اربوں کھربوں کے قرضے معاف کرانے والے موجود ہیں۔یہاں ایسے لوگ بھی ہیں جن کی کرپشن کے سکینڈلز کے چرچے ہیں۔قومی دولت کو لوٹنے والوں نے پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیاہے۔قومی وسائل لوٹنے وا لوں کے یورپ، کینیڈااوردبئی میں محلات ہیں جبکہ پاکستان میں غریب دووقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔اس ملک کے غریب مزدور ،ملازم ، ٹیچر، کلرک،سائنسدان تو دن رات محنت کرکے اپناگزراوقات کررہے ہیں لیکن اگر اس ملک کو ہچکولے ملے ہیں تو اس کی وجہ کرپشن او راشرافیہ کی لوٹ مار ہے اور آج اشرافیہ مجھ سمیت کٹہرے میں کھڑی ہے اور آج ہمیں جواب دینا ہے کیونکہ اشرافیہ اپنی تقدیرتو بدلتی رہی لیکن اس قوم کی تقدیر کو خراب کرتی رہی ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں 70ویں یوم آزادی مناتے وقت قائدؒ و اقبال ؒ کے افکار و فرمودات پر عمل کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔معاشی ومعاشرتی انصاف اور معاشرے کے ہرفرد کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنا اسوہ حسنہ ہے اورپاکستان بھی اسی بنیادی مقصد کے حصول کے لئے معرض وجود میں آیا تھا۔ کوئی گورا ہو یا کالا، سندھی ہو یا بلوچی، پنجابی ہویا پختون،جج ہویا جرنیل،تاجر ہویا بیوروکریٹ سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ مساوی حقوق سب کو ملنا ہی پاکستان کی بنیاد تھی لیکن افسوس یہ نہ ہوسکا ۔وزیراعلی نے کہاکہ آئیے اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہو کر دعا کریں کہ اللہ تعالی صحیح معنو ں میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے اوریہاں سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بہادر افواج ،پولیس وسکیورٹی اداروں کے افسروں ،جوانوں ،عام شہریوں، قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں،انشاء اللہ یہ قربانیاں رنگ لائیں گی۔ پوری قوم وطن عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ کا فیصلہ کرچکی ہے۔انشاء اللہ قوم کے اتحاد اور اتفاق کی بدولت پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا اورپاکستان جس مقصد کے لئے قائم ہوا تھا وہ مقصد بھی پورا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پا کستان کاسا بلانکا سے لے کر کوالمپور تک قیادت کا کردار ادا کرنے کے لئے بنا تھا او رہمیں یہ منزل حاصل کرنا ہے۔کام مشکل ضرورہے لیکن ناممکن نہیں۔ہمیں پاکستان کو صحیح معنوں میں قائدؒ واقبالؒ کے تصورات کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے محنت ،امانت اور دیانت کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہے۔لارڈ میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔چین ، ترکی ، ایران اور امریکہ کے قونصل جنرل ،صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور اعلی سول وعسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

,

0 comments

Write Down Your Responses