سشما سوراج کا سوشل میڈیا پر علاج کی غرض سے آنے والے پاکستانیوں کو ویزا دینے کا اعلان

نئی دہلی(ایم وی این نیوز) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے علاج کی غرض سے بھارت آنے کے خواہاں پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کیا۔ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی شہری جو علاج کی غرض سے بھارت آنا چاہتے ہیں اور ان کی درخواستیں زیر التوا ہیں انہیں ویزے جاری کردیے جائیں گے بشرطیکہ ان کا کیس مضبوط ہونا چاہیے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کینسر کی شکار ایک پاکستانی خاتون فائزہ تنویر نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے اپیل کی تھی کہ انہیں سرجری کی فوری ضرورت ہے لہٰذا انہیں بھارت کا ویزہ جاری کیا جائے جس کے بعد سشما سوراج نے ویزہ جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ گزشتہ ماہ بھارتی وزیر خارجہ نے 4 سالہ پاکستانی بچے کو بھی ویزہ جاری کیا تھا جس کی دل کی سرجری ہونی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں وقتا فوقتاآنے والی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ملکوں کے شہریوں کو ویزہ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس سے قبل پاکستان نے لیور ٹرانسپلنٹ کے لئے بھارت کی بجائے ترکی کو ترجیح دینا شروع کر دی تھی ،جس میں رواں ماہ ایک شہری کو  علاج کے لیے ترکی بھیج دیا تھا

,

0 comments

Write Down Your Responses