سیف سٹیز پراجیکٹ حکومت پنجاب کا لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بہت بڑا اقدام



لاہور(ایم وی این نیوز) ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن عثمان خان خالدنے کہا ہے کہ سیف سٹیز پراجیکٹ حکومت پنجاب کا لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بہت بڑا اقدام ہے، یہ ایک اپنی نوعیت کا میگا پراجیکٹ ہے اس کے تحت سب سے پہلے صوبائی دارالخلافہ لاہور میں 1015 کلومیٹر فائبر آپٹک بچھالی گئی ہے جو کہ ایک وسیع نیٹ ورک ہے، سیف سٹیز پراجیکٹ کے ذریعے پورے لاہور کو چھ ڈویژنز میں تقسیم کیا گیا تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمانہ اجلاس کی زیر صدارت خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ چار ڈویژنز میں کام مکمل ہو چکا ہے اور دو ڈویژن صدر ڈویژن اور کینٹ ڈویژن میں تھوڑا سا کام بقایا ہے۔پراجیکٹ میں مجموعی طور پر 1170 کلو میٹر طویل فائبر آپٹک کا نیٹ ورک بچھایا جانا تھا جس میں سے 1015کلومیٹر پر کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ جس میں تمام صوبائی اور وفاقی اداروں نے لاہور سیف سٹیز اتھارٹی کے ساتھ مل کر بہت اچھا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائبر آپٹک لائن بچھانے کے بعد روڈکٹ اور کھدایوں کی مکمل اور مطمئن حد تک بحالی میں کچھ شکایات سامنے آئی ہیں جن کو سیف سٹیز اتھارٹی کے کنٹریکٹرز جلد دور کر دیں گے۔ تمام صوبائی و وفاقی ترقیاتی اسکیموں پر کام کرنے والی ایجنسیوں اور سیف سٹیز اتھارٹی کے درمیان نہایت متحرک اور فعال رابطہ کار کے لیے میکانزم کی ناگزیر ضرورت ہے جس کے لیے ہفتہ وار اجلاس میں جامع اور مستقل بنیادوں پر پالیسی ترتیب دی جائے گی تاکہ کسی بھی محکمے کی کھدائی کے باعث کسی اور محکمے کی بچھائی گئی لائنوں کو گزند نہ پہنچے اور شہریوں کو دستیاب سہولت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس رابطہ کار کو مستقل پیمانوں پر قائم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہفتہ وار اجلاس میں تمام محکموں کے فوکل پرسن شرکت کریں تاکہ مستقبل کے لیے تمام محکمے اور سیف سٹیز اتھارٹی ایک جامع پلان کو حتمی شکل دیں جس سے کسی بھی محکمے کی لائنوں کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔
ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن عثمان خان خالد کی زیر صدارت اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امجد چوہدری، اے ڈی سی آر ننکانہ عامر شفیق، اے سی آر آصف رضا ، اے ڈی سی جی لاہور راؤ امتیاز، ایل ڈی اے، ٹیپا، واسا، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پی ایچ اے، لیسکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل، روڈز، لاہور پولیس، ٹریفک پولیس سمیت سیف سٹیزاتھارٹی کے افسران و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

,

0 comments

Write Down Your Responses