پاکستان کا 70واں یوم آزادی آج منایاجائے گا

اسلام آباد(ایم وی این نیوز)پاکستان کا 70واں یوم آزادی آج (پیر کو) اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہاہے کہ کسی بھی خطرے کے خلاف مادروطن کا تحفظ کیا جائے گا اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق اسے ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیریوں کی دیرینہ جدوجہد میں کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے تقریبات کا آغاز کیا جائے گا، قومی اسمبلی کے احاطے میں پرچم کشائی دن کی سب سے اہم تقریب ہوگی۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ تقریب میں مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ اس موقع پر صدر قوم سے خطاب کریں گے ،ادھر تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں ، سڑکوں اور شاہراہوں کو چراغاں ، قومی جھنڈوں ، قومی مشاہیر کی تصاویر ، بینرز اور جھنڈیوں کے ذریعے سجایا گیا ہے جو انتہائی دلکش منظر پیش کررہے ہیں۔صوبائی دارالحکومتوں ، ضلعی ہیڈکوارٹرز اور دیگر اہم قومی اداروں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔ادھر تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں ، سڑکوں اور شاہراہوں پر نہایت دلفریب چراغاں کیا گیا ہے اور انہیں قومی جھنڈوں ، قومی مشاہیر کی تصاویر ، بینرز اور جھنڈیوں کے ذریعے بہت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جو انتہائی دلکش منظر پیش کررہی ہیں۔مختلف تنظیموں نے اس دن کے سلسلے میں سیمینار ، کانفرنسوں ، لیکچرز، مباحثوں، تقریری مقابلوں، نمائشوں ، کوئز مقابلوں ، سٹیج ڈراموں اور مشاعروں سمیت کئی تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔صدر، وزیراعظم ، چین کے نائب وزیراعظم ، چیئرمین سینیٹ اور قومی اسمبلی کے سپیکر کے ہمراہ آج پارلیمنٹ ہاؤس میں جمہوریت کے گمنام مشاہیر کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی صدارت میں اتوار کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک اجلاس ہوا جس میں اس موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اتوار کی رات گیارہ بج کر 59 منٹ پر پریڈ گراؤنڈ شکرپڑیاں میں شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان میں بھی سترواں یوم آزادی جوش وجذبے سے منایاجائے گا۔دن کی اہم تقریب صوبائی اسمبلی میں ہوگی جہاں وزیراعلی نواب ثنا اللہ زہری قومی پرچم لہرائیں گے۔گورنر ہاؤس اور بلوچستان ہائی کورٹ میں بھی ایسی ہی تقریبات ہوں گی۔

,

0 comments

Write Down Your Responses