سہولت بازاروں میں ،صارفین کو ہرممکن معاشی ریلیف کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ آئے،ڈویژنل کمشنر سرداراکرم جاوید

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ڈویژنل کمشنر سرداراکرم جاوید نے ہدایت کی ہے کہ سہولت بازاروں میں چیک لسٹ کے مطابق تمام ترانتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ صارفین کو ہرممکن معاشی ریلیف کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ آئے۔انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کے روز سہولت بازاروں کامعائنہ کرتے ہوئے جاری کی۔آر پی اومحمد نواز وڑائچ،اسسٹنٹ کمشنرزمہر شفقت اللہ مشتاق اور شفیع اللہ خاں بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر نے ڈیوٹی افسران سے کہا کہ وہ حکومت پنجاب کی طرف سے منتخب کی گئی 32،اشیائے ضروریہ کے نرخوں اور معیار پر خصوصی نظررکھیں اور کسی جگہ بھی گرانفروشی کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے کہا کہ وہ عام بازاروں میں باقاعدگی سے اشیاء کے نرخنامے اوران پر عملدرآمد کی صورت حال کو چیک کریں اور ناجائز منافع خوری کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے ۔کمشنر اور آر پی او نے سہولت بازار یکتامارکیٹ شیخوپورہ روڈمیں مختلف سٹالز پر پھلوں،سبزیوں،دالوں اوردیگر اشیاء کے نرخ اورمعیارکا معائنہ کیا اور مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ سہولت بازارمیں سٹال پر باربارچکر لگا کراشیاء کے معیار اورقیمتوں کی وصولی کی جانچ پڑتال کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے خریداری کے لئے آئے ہوئے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے ان سے عام بازار اورسہولت بازارکی قیمتوں کے فرق کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پرعوامی ریلیف کے لئے کوئی کسراٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

0 comments

Write Down Your Responses