موجودہ حکومت علاقائی تعمیروترقی کے حوالے سے انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے،وزیرمملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیرعلی

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)وزیرمملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت علاقائی تعمیروترقی کے حوالے سے انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اس ضمن میں عالمی معیار کے مطابق شہری خوبصورتی کو نکھارنے پر گہری توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے یہ بات گٹ والا پل کے قریب کینال روڈ پر تین کلومیٹر طویل ساندل بار(ویسٹ)انکلیو گرین بیلٹ کے سجاوٹی کام کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس کی تزئین وترقی کا ذمہ ستارہ گروپ آف انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو میاں محمدادریس نے اٹھایا ہے جس کی تکمیل پر60لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے ۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈی سی اونورالامین مینگل،ایم ڈی(پی ایچ اے)عاشق ڈوگر،پروفیسر آف ہارٹیکلچر زرعی یونیورسٹی عاطف قریشی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔چوہدری عابد شیر علی نے شہری ترقی وخوبصورتی اور عوامی بھلائی کے کاموں میں فیصل آباد کی صنعتکار برادری کے نمایاں کردارکو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت سے تعمیروترقی کے منصوبوں میں عوامی ملکیت اورورثہ کا احساس اجاگر ہوتا ہے جس کی بدولت ترقیاتی عمل کو استحکام ملتا ہے۔انہوں نے کینال روڈ کے دونوں اطراف منتخب تھیم کے تحت گرین بیلٹس کی تزئین وآرائش کے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان آرائشی اقدامات کی بدولت فیصل آباد کا حسن مزید نکھرے گا۔انہوں نے مختلف انتظامی،ثقافتی اورترقیاتی منصوبوں کے ذریعے فیصل آباد کی تعمیروترقی اورخوبصورتی کے لئے ڈی سی اونورالامین مینگل کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ڈی سی اونورالامین مینگل نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 12کلومیٹرکینال روڈ کے دونوں اطراف کو چار چار حصوں میں تقسیم کرکے انہیں ساندل بار،پکی ماڑی،لائل پوراور فیصل آبادانکلیوز کے ناموں سے منسوب کیا گیاہے اور ان میں پلانٹیشن وتزئین کے لئے بھی انہی تھیم کے تحت کام ہوگا۔میاں ادریس احمد نے کہا کہ ان کے صنعتی گروپ کی طرف سے فیصل آباد کی تعمیروترقی اورخوبصورتی کے کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اس شہر سے ان کے خاندان کی گہری وابستگی کی بناء پر ساندل بارانکلیوکی تزئین وترقی میں بھی اہم کرداراداکیاجائے گا۔ایم ڈی (پی ایچ اے)نے بتایا کہ کینال روڈ کی گرین بیلٹس سے نہ صرف ماحولیاتی حسن نکھرے گا بلکہ لوگوں کو تفریحی پارک اور جوگنگ کی سہولتیں بھی میسرآئیں گی۔قبل ازیں وفاقی وزیرمملکت چوہدری عابدشیر علی اور ڈی سی اونورالامین مینگل نے اپٹپماکے زیراہتمام لائل پورانکلیواورساندل بارانکلیوکی تزئین وترقی کے اقدامات کے تحت گرین بیلٹ میں پودے لگائے۔چےئرمین اپٹپما شیخ خالد حبیب،وائس چےئرمین محمد اجمل ودیگر بھی موجود تھے۔

0 comments

Write Down Your Responses