ایسے اقدام کرنے چاہیے جن سے طلباء میں معاشرے کے مسائل اور ان کے حل کی سوچ پیدا ہو

رحیم یار خان( ایم وی این نیوز انویسٹی گیشن ٹیم)  شیخ زید پبلک سکول میں جاری آرٹ اینڈ سائنس نمائش میں والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور طلباء و طالبات کی جانب سے بنائے گئے فن پاروں کا تفصیلی معائنہ کیا۔شیخ زید پبلک سکول میں پہلی مرتبہ زیر تعلیم طلباء و طالبات میں دور حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو جانچنے اور ان میں مزید نکھار لانے کے لئے ایسی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں طلباء و طالبات نے اپنی محنت اور ذہانت سے ایسے فن پاروں کو تخلیق کیا ہے جو معاشرے میں موجود مسائل اور ان کے حل کی عکاسی کرتے ہیں۔طلباء و طالبات نے اپنے فن پاروں میں پاکستان کو درپیش انرجی اور سائنس و ٹیکنالوجی میں درپیش مسائل کی انتہائی خوبصورت انداز میں عکاسی کی اور اپنی ذہانت سے ان مسائل کا حل اور دورحاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کے عزم کا اظہار کیا۔والدین کی کثیر تعداد نے نمائش کا دورہ کیا اور فن پاروں کے سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر والدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زید پبلک سکول انتظامیہ کی جانب سے یہ ایک اچھا اقدام ہے جس سے ہمیں اپنے بچوں کی ذہانت اور مستقبل میں کچھ کر گزرنے کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ایسے اقدام کرنے چاہیے جن سے طلباء میں معاشرے کے مسائل اور ان کے حل کی سوچ پیدا ہو تاکہ وہ اپنی قابلیت سے ان مسائل کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔انہوں نے اساتذہ کی محنت کو بھی زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور پرنسپل ادارہ چوہدری محمد اسماعیل کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔

0 comments

Write Down Your Responses