محکمہ سوشل ویلفیئر،نے بھکاریوں کے خلاف اپریشن کرکے 18 مرد ‘ 4 بچوں اور 12 بھکاری خواتین کو تحویل میں لے کر 51 سو 66 روپے برآمد کر لئے

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ڈی سی او نور الامین مینگل کی ہدایت پر بحال کی گئی انسداد گداگری مہم کے پہلے روز ضلعی محکمہ سوشل ویلفیئر کی ٹیموں نے بھر پور اپریشن کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سے 34 پیشہ ور اور عادی بھکاریوں کو تحویل میں لے لیا اور ان کے قبضہ سے بھیک کی رقم کے 51 سو 66 روپے برآمد کر لئے ۔ تفصیلات کے مطابق ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ آصف تارڑ اور ڈی او سوشل ویلفیئر مسز وحیدہ افتخار کی زیر نگرانی انسداد گداگری مہم کے سلسلے میں انچارج نگہبان سنٹر ریحانہ یاسمین نے لیڈی کانسٹیبل سمیت پولیس ملازمین کے ہمراہ ستیانہ روڈ ‘ عبداﷲ پور چوک ‘ اسٹیشن چوک ‘ جی ٹی ایس چوک ‘ لاری اڈہ ‘ نڑ والا چوک اور شہر کے دیگر مختلف چوکوں میں بھکاریوں کے خلاف اپریشن کرکے 18 مرد ‘ 4 بچوں اور 12 بھکاری خواتین کو تحویل میں لے لیا جن میں کئی بار پکڑا جانے والا نور پور کا بھکاری محسن بھی شامل ہے جو بازو کو قمیض میں چھپا کر اپنے آپ کو معذور ظاہر کر رہا تھا ۔ڈی او سوشل ویلفیئر کے مطابق پکڑے جانے والے مرد بھکاریوں کو جھنگ روڈ پر فلاحی مرکز ‘ خواتین کو دارلامان اور بھکاری بچوں کو نگہبان سنٹر کے حوالے کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ انسداد گداگری کی یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی ۔

0 comments

Write Down Your Responses