ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں تمام تر پرو گراموں کو ا نتظامی و حفاظتی امور سے یقینی بنانے کی یقین دہانی

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں تمام تر انتظامی و حفاظتی امور کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں کرسمس کے موقع پر تمام گرجا گھروں کی فول پروف سکیورٹی، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی مرمت اور دیگر ضروری معاملات کی احسن طریقے سے انجام دہی کے لیے جامع کرسمس پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔ یہ بات ڈی سی او نورالامین مینگل نے کرسمس انتظامات کے حوالے سے مسیحی برادری کے نمائندہ افراد سے میٹنگ کے دوران کہی۔ جس میں ایس ایس پی اپریشن اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ مسیحی رہنماؤں سابق ایم پی اے کمال چغتائی، فادر نثار برکت، فادر افتخار، پاسٹرز اجمل چغتائی، پرویز ایورسٹ، سفیر فادر،وقار منظور، آصف نذیر گل، ایمرک جوزف، بشیر خالد، میجر پرویز و دیگر نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ کرسمس سے قبل تین روز کے لیے ماڈل بازار جھنگ روڈ کو مسیحی برادری کی خریداری کے لیے مختص کیا جائے گا جبکہ مسیحیوں کی عید کی خوشی کے لیے اقبال سٹیڈیم کے قریب سندباد ایک دن کے لیے فری ہو گااسی طرح شہر میں لیڈیز باغ سمیت دیگر پبلک پارکس اور تفریح گاہوں میں بھی مسیحی عوام کے لیے خصوصی انتظامات ہوں گے۔ انہوں نے زیذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل سے کہا کہ کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں مسیحی شہریوں کی دلچسپی کے لیے میگا میوزیکل پروگرام ترتیب دیا جائے جس میں بہترین سنگرز کو خصوصی انعامات بھی دیئے جائیں گے۔اجلاس کے دوران ڈی سی او نے عیسائی کمیونٹی کی ضروریات کے پیش نظر ماڈل مسیحی قبرستان کے لیے جگہ اور ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کا اعلان کیا۔ مسیحی رہنماؤں نے کرسمس کی تقریبات کے لیے بھرپور اقدامات کرنے پر ڈی سی او کا شکریہ ادا کیا۔

0 comments

Write Down Your Responses