جنوبی پنجاب میں زراعت کا ووکیشنل ٹریننگ سنٹر قائم کیا جائے گا، ٹنل فارمنگ، اور لائیو سٹاک میں ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا ئے گی،عارف ندیم


فیصل آباد( سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل ) سابق سیکریٹری زراعت پنجاب عارف ندیم نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں زراعت کا ووکیشنل ٹریننگ سنٹر قائم کیا جائے گاجس میں ٹنل فارمنگ، پریشر ائزڈاریگیشن اور لائیو سٹاک مینجمنٹ کے شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا سکے گی۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں سے ان کے چیمبر میں ان سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک سالہ ووکیشنل پروگرام میں جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں عملی تربیت دی جائے گی تا کہ ملک میں جدید زراعت کو فروغ دینے کے لیے فارم ٹیکنیشن بڑی تعداد میں زرعی شعبے کے لیے مہیاکیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں قائم کیے جانے والے ان سروس زرعی ٹریننگ کے اداروں میں جاری تین سالہ ڈپلومہ کورسز کے مقابلے میںیہ نیا پروگرام کم عرصہ پر مبنی مگر زیادہ عملی جہتوں کا حامل ہوگا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی شعبہ کانٹی نیوئنگ ایجوکیشن کے زیر اہتمام دو سو سے زائد مختصر اور طویل دورانیے کے شارٹ کورسز منعقد کر وا رہی ہے جبکہ گرمیوں کی چھٹیوں میں یہ تربیتی کورسز پنجاب کے مختلف اضلاع میں کرائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی مجوزہ ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کی کامیابی کے لیے بھر پور تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا کمیونٹی کالج بھی اس قسم کے تربیتی کورسز کے علاوہ ووکیشنل ٹریننگ کا اہتمام کر رہا ہے۔بعد ازاں عارف ندیم نے یونیورسٹی کے شعبہ ہارٹیکلچر،زرعی توسیع،کانٹی نیوئنگ ایجوکیشن،آب پاشی اور دیگر شعبوں کے ماہرین سے مختلف تکنیکی امور پر مشاورت بھی کی۔

0 comments

Write Down Your Responses