بھتہ خوری ،کرنے والے غیر قانونی جمعہ،اتوار اور بدھ بازار وں کافوری طور پر صفایا کردیا جائے ،ڈی سی اونورالامین مینگل

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)ڈی سی اونورالامین مینگل نے حکم دیا ہے کہ ضلع میں صارفین کا استحصال اور سٹال ہولڈرز سے بھتہ خوری کرنے والے غیر قانونی وغیر مجاز بازاروں کافوری طور پر صفایا کردیا جائے اور ان کی جگہ عوام کو حقیقی معاشی ریلیف کی فراہمی کے لئے ہفتہ میں تین جمعہ،اتوار اور بدھ بازار منعقد کریں۔انہوں نے یہ حکم ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا جس میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی موجودہ قیمتوں اور مصنوعی وخود ساختہ مہنگائی کی موثر روک تھام کاجائزہ لیا گیا۔ڈی سی او نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ اپنی اپنی متعلقہ تحصیلوں میں ہفتہ میں تین سستے بازار منظم انداز میں منعقد کریں جو عام صارفین کے لئے قابل رسائی اور فائدہ مند ہو نے چاہیں ۔انہوں نے سٹال ہولڈرز کی رجسٹریشن اور انہیں کارڈزکے اجراء کے علاوہ مخصوص رنگ کی جیکٹس میں سٹاف کی تعیناتی،سیکورٹی اور پارکنگ کے بہترین انتظامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان بازاروں میں شوگر،گھی،فلور ملز،غلہ منڈی،سبزی منڈی کی تنظیموں کی معاونت حاصل کریں اور انہیں سٹالز مخصوص کئے جائیں تاکہ مڈل مین کے منافع کاخاتمہ کرکے عوام کو عام بازاروں سے نسبتاً رعایتی نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔انہوں نے اشیائے ضروریہ کے تاجروں و دکانداروں سے کہا کہ وہ معاشی مشکلات کے اس دور میں عوامی بھلائی کے لئے کم سے کم منافع پر اشیاء فروخت کریں تاکہ کسی کے خلاف قانونی کارروائی کی نوبت نہ آئے۔ڈی سی او نے پرائس مجسٹریٹس کوہدایت کی کہ وہ کولڈ سٹورز اورگوداموں کوباقاعدگی سے چیک کریں تاکہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام ممکن ہوسکے اور بازاروں اورمارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پرچیک کریں اور خود ساختہ مہنگائی سے باز نہ آنے والوں کو جیل بھیج دیا جائے۔انہوں نے یقین دلایا کہ مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے لئے بعض اشیاء کی قیمتیں نئے سرے سے مقرر کی جائیں گی اس سلسلے میں سب کمیٹی اپنی سفارشات پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ پرائس کنٹرول کمیٹی کی میٹنگ میں مرد اورخواتین صارفین کو بھی بلایا جائے تاکہ مقررکردہ قیمتوں پر عملدرآمد سے متعلق معلومات حاصل ہوسکیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد آصف چوہدری،ڈی او(سی)اکرم بھٹی،اسسٹنٹ کمشنرز،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس،ای ڈی اوز،ڈی اوز کے علاوہ شوگر ملز،فلورملز،غلہ،سبزی وفروٹ منڈی،تھوک وکریانہ فروشوں اورصارفین کے نمائندوں نے شرکت کی۔

0 comments

Write Down Your Responses