پاکستان اور افغانستان ہمسائے اور اچھے دوست ہیں :وزیر اعظم نواز شریف

اسلام آ باد(انویسٹی گیشن ٹیم) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان ہمسائے اور اچھے دوست ہیں اور دونوں ممالک میں مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اسلام آباد میں افغانستان کے ایک روزہ دورے پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کاکہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان صرف ہمسائے ممالک ہی نہیں بلکہ دونوں کے درمیان اچھے تعلقات بھی ہیں، دورہ افغانستان دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانے کے لئے ہے۔ نواز شریف نے کہاکہ دورے میں افغان صدر حامد کرزئی سے دو طرفہ تعلقات بڑھانے اورمختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگوہوگی۔ افغانستان میں امن اور استحکام چاہتے ہیں کیونکہ خطے میں امن و ترقی مستحکم افغانستان سے منسلک ہے، چاہتے ہیں کہ افغانستان میں مصالحتی عمل ہر صورت میں کامیاب ہو اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، دورہ افغانستان سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف افغان صدر حامد کرزئی کی دعوت پر ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے ہیں، وزیر اعظم کے ہمراہ پشتون خوا عوامی ملی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی، سیکریٹری خارجہ اور سیکریٹری پلاننگ بھی موجود ہیں، کابل پہنچنے پر افغان حکام کی جانب وزیراعظم نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

0 comments

Write Down Your Responses