ڈاکٹر علامہ محمداقبال نے قومی غیرت کا جو درس دیا وہ آج امت مسلمہ کے لئے ایک مثال ہے

سرگودھا (انویسٹی گیشن ٹیم) ممتاز ماہر تعلیم عالمی شہرت یافتہ مورخ پروفیسر صاحبزادہ عبدالرسول نے کہاہے کہ ڈاکٹر علامہ محمداقبال نے قومی غیرت کا جو درس دیا وہ آج امت مسلمہ کے لئے ایک مثال ہے ۔ خوابیدہ قوم کو بیدار کر کے راہ آزادی پر گامزن کرنے کا اعزاز اقبال کو ہی حاصل ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قائد اعظم لاکالج سرگودہا میں تقریب بیاد اقبال سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم تھے ۔ اعزازی نشست پر پرنسپل چوہدری مظفر اقبال تھے ۔ پروفیسر عبدالرسول نے کہاکہ اقبال نے ہماری عظمت رفتہ کا آئینہ دکھا کر ہمیں اپنی خودی کی تکمیل کا درس دیا۔ آفاقی کلام کے حامل اقبال ہر دور اور ہر شعبہ ہائے زندگی کیلئے مینارہ نور ہیں ۔ ماضی ‘ حال اور مستقبل پر اقبال کی گرفت ہے ۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہاکہ اقبال ایک مفکر کی طرح سوچتے تھے اور ایک مجاہد کی طرح عمل کرتے تھے۔ انہوں نے تسخیر کائنات کا درس دیا ۔ چوہدری ظفر اقبال نے کہاکہ نسل نو کیلئے پیغام اقبال ایک روشنی ہے ۔ اقبال نوجوانوں کو ستاروں پر کمنڈیں ڈالنے کی دعوت دیتے ہیں ۔نوجوانوں کو فکر اقبال کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ پروفیسر محمد عالم او رمظہر اقبال کے فیصلہ کے مطابق تقریری مقابلہ میں ثمرہ ناز اول ‘ احمد سلطان لک دوم‘ حسین محمد بختیار سوم اور چوتھے نمبرپر انعام کامران اکبررہے ۔ تقریب میں وکلا ‘ معززین او رطلبا وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ایڈمنسٹریٹر ملک عبدالقدوس اعوان کو تقریب منعقدکرنے پر خدمات کو سراہا گیا ۔

0 comments

Write Down Your Responses