وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان تبدیل ہورہا ہے ہم عوام کی قسمت بدلنے کا عزم رکھتے ہیں اور ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہی

کراچی(انویسٹی گیشن ٹیم) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان تبدیل ہورہا ہے ہم عوام کی قسمت بدلنے کا عزم رکھتے ہیں اور ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔
کراچی میں چین کے تعاون سے 2200 میگاواٹ کے ایٹمی بجلی گھر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ وہ  کراچی میں امن اور مستحکم معیشت چاہتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ کراچی بھی دنیا کی بڑی بندرگاہوں کی طرح ترقی کرے اور دبئی اور کوالالمپور جیسے جدید شہروں میں اس کا شمار ہو،  وہ ملک کے سب سے بڑے توانائی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کراچی آئے ہیں۔ جو 6 برسوں میں مکمل ہوگا اور اس سے 2 ہزار 200 میگاواٹ بجلی حاصل کی جاسکے گی۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اسی طرح ملک میں مزید 6 جوہری پاور پلانٹ لگائے جائیں گے، اس کے علاوہ  گڈانی میں بھی 640 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ لگائیں گے، 2050 تک پاکستان میں ایٹمی توانائی سے 40 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چین کے تعاون کے شکرگزار ہیں اورحکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی، دیامیر اور داسو ڈیم ایک ساتھ بنائیں جائیں گے جبکہ بونجی ڈیم کی تعمیر کا کام بھی کیا جارہا ہے، تمام پروجیکٹس سے پیداہونے والی بجلی سے توانائی بحران پر قابو پالیں گے۔

0 comments

Write Down Your Responses