شہری کسی بھی چوک یا چوراہے سے اپنا لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے، چیف ٹریفک آفیسر عمران کشور

فیصل آباد (سلیم شاہ ،چیف انوسٹی گیشن سیل)سٹی ٹریفک پولیس نے موبائل لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے عنقریب اجراء کا فیصلہ کیاہے جس کے تحت شہری کسی بھی چوک یا چوراہے سے اپنا لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ لرنرڈرائیونگ لائسنس کے علاوہ آگاہی ٹریفک قوانین بک کے اجراء کو بھی لازمی قراردیاجارہا ہے۔ان خیالات کااظہار چیف ٹریفک آفیسر عمران کشور نے ٹریفک سٹاف سے میٹنگ کے دوران کیا۔انہوں نے مزیدبتایا کہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کا تجربہ رکھنے والے افراد کے لئے بائیں ہاتھ پر اسٹرنگ والی گاڑی ودیگر ضروری لوازمات کا انتظام بھی کیا جارہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک وارڈنز کی بہتر تربیت کے لئے ریفریشر کورسز کا آغاز بھی کیا جارہا ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر وارڈنز کی تمام طرح کی تربیت کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کوارڈنز کی ڈیوٹی چیکنگ کے لئے ویجیلنس ٹیمیں بھی قائم کی جارہی ہیں جو کیمرہ کے ساتھ خفیہ اندازمیں شہر بھر کا گشت کریں گی اور رپورٹس تیار کریں گی۔غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور رجسٹرڈ گاڑیوں کی جانچ پڑتال کے لئے سٹی ٹریفک پولیس محکمہ ایکسائزکے اشتراک سے عنقریب ایک موبائل آفس کا انتظام کررہی ہے جس کے تحت گاڑیوں کی تصدیق وچیکنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔چیف ٹریفک آفیسر نے بتایا کہ یہ تمام اقدامات سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر حیدر اشرف کے احکامات کی روشنی میں ترتیب دئیے جارہے ہیں جنہیں عنقریب پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام ٹریفک سٹاف متحرک ہے۔سی ٹی او نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک وارڈنز کا ساتھ دیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کویقینی بنائیں۔

0 comments

Write Down Your Responses